پشاور کی بس میں سفر ہو رہا ہے نظم

پشاور کی بس میں سفر ہو رہا ہے

نہیں ہو رہا ہے مگر ہو رہا ہے

جو دامن تھا، دامن بدر ہو رہا ہے

کمر بند گردن کے سر ہو رہا ہے

سفینہ جو زیر و زبر ہو رہا ہے

اِدھر کا مسافر اُدھر ہو رہا ہے

پشاور کی بس میں سفر ہو رہا ہے


چلی تو مسافر اُچھلنے لگے ہیں

جو بیٹھے ہوئے تھے وہ چلنےلگے ہیں

قدم جا کے ٹخنوں سے ٹلنے لگے ہیں

جو کھایا پیا تھا اُگلنے لگے ہیں

تماشا سرِ رہ گزر ہو رہا ہے

پشاور کی بس میں سفر ہو رہا ہے


جو خوش پوش گیسو سنوارے ہوئے تھا

بہت مال چہرے پہ مارے ہوئے تھا

بڑا قیمتی سوٹ دھارے ہوئے تھا

گھڑی بھر میں سب کچھ اتارے ہوئے تھا

بے چارے کا حلیہ دگر ہو را ہے

پشاور کی بس میں سفر ہو رہا ہے

جواں کچھ سرِ پائے داں اور بھی ہیں

معلق بخود رفتگاں اور بھی ہیں

قطاروں میں بیوی میاں اور بھی ہیں

ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں

ہجوم اور بھی معتبر ہو رہا ہے

پشاور کی بس میں سفر ہو رہا ہے

مقاماتِ صد اضطراب آ رہے ہیں

کہ پردہ نشیں بے نقاب آ رہے ہیں

سڑک پہ سوال و جواب آ رہے ہیں

بہر گام گر اے مگر ہو رہا

پشاور کی بس میں سفر ہو رہا ہے

وہ اک پہلواں پیٹھ میں تھم گیا ہے

بہت بھی گیا تو بہت کم گیا ہے

کوئی ہاتھ پتلون میں جم گیا ہے

کوئی ناک دیوار پہ تھم گیا ہے

کوئی سرو قد مختصر ہو رہا ہے

پشاور کی بس میں سفر ہو رہا ہے

کوئی نصف بیٹھا ہے، آدھا کھڑا ہے

جہاں بھی کھڑا ہے وہیں پر گڑا ہے

کسی کی گھڑی پر کسی کا گھڑا ہے

کہاں ہاتھ تھا اور کہاں جا پڑا ہے

جو دیوار تھی اس میں در ہو رہا ہے

پشاور کی بس میں سفر ہو رہا ہے

جو کالر تھا گردن میں، لر رہ گیا ہے

ٹماٹر کے تھیلے میں ٹر رہ گیا ہے

خدا جانے مرغا کدھر رہ گیا ہے

بغل میں تو بس ایک پر رہ گیا ہے

کوئی کام ہم سے اگر ہو رہا ہے

پشاور کی بس میں سفر ہو رہا ہے

Posted Status in Fun & Ent.
Login InOR Register